609

قربانی کے جانور کی عمر

قربانی کے جانور کی عمر

شیخ الحدیث، علامہ غلام مصطفٰے ظہیر امن پوری

قربانی کے جانور کے لیے دوندا ہونا شرط ہے ، جیسا کہ سیدنا جابر بن عبداللہ الانصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تذبحوا الا مسنّۃ الا أن یّعسر علیکم فتذبحوا جذعۃ من الضّان۔
”تم دوندا جانور ہی ذبح کرو ، اگر تنگی واقع ہو جائے تو بھیڑ کی نسل سے جذعہ ذبح کر لو۔”
(صحیح مسلم : ٢/١٥٥، ح : ١٩٦٣)
حافظ نووی کہتے ہیںکہ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ ”مُسِنَّۃٌ ” اس اونٹ یا گائے اور بکری وغیرہ کو کہتے ہیں ، جو دوندا ہو ، نیز اس حدیث میں یہ وضاحت ہو گئی ہے کہ بھیڑ کی جنس کے علاوہ کسی اور جنس کا ”جَذَعَۃٌ” جائز نہیں ، قاضی عیاض کے بقول اس پر اجماع ہے ۔(شرح مسلم للنووی : ٢/١٥٥)
امام ترمذی فرماتے ہیں : وقد أجمع أہل العلم أن لا یجزیئ الجذع من المعز ، وقالوا : انما یجزیئ الجذع من الضان۔
”اہلِ علم کا اس بات پر اجماع ہے کہ بکری کی جنس کا ”جذعہ” قربانی میں کفایت نہیں کرتا، جبکہ بھیڑ کی جنس کا ”جَذَعَۃٌ” کفایت کر تا ہے۔” (جامع ترمذی تحت حدیث : ١٥٠٨)
یاد رہے کہ ”جَذَعَۃٌ” کی عمر میں اختلاف ہے ، جمہور ایک سال کے قائل ہیں اور احتیاط کا تقاضا بھی یہی ہے، حافظ نووی لکھتے ہیں :
والجذع من الضّأن ما لہ سنۃ تامّۃ ، ہذا ہو الأصح عند أصحابنا ، وہو الأشہر عند أہل اللّغۃ وغیرہم ۔
بھیڑ کی جنس کا ”جَذَعَۃٌ” مکمل ایک سال کا ہوتا ہے ، ہمارے اصحاب کے نزدیک یہی صحیح تر بات ہے ، نیز یہی اہلِ لغت وغیر ہ کے ہاں مشہور قول ہے ۔”(شرح مسلم للنووی : ٢/١٥٥)
اس حدیث میں مذکورہ حکم عام ہے ، ہر جانور کو شامل ہے ، وہ بکری کی جنس ہو یا بھیڑ کی ، گائے کی جنس ہو یا اونٹ کی ، ان سب کا دوندا ہونا ضروری ہے ، وہ صحیح احادیث جن سے بھیڑ کے ”جَذَعَۃٌ” کی قربانی کا جواز ملتا ہے ، وہ تنگی پر محمول ہیں ، یعنی دوندا جانور نہ ملے تو ایک سال کا دنبہ یا بھیڑ ذبح کی جا سکتی ہے ، اس طرح تمام احادیث پر عمل ہو جا ئے گا۔
تنگی کی دو صورتیں ممکن ہیں ، ایک دوندے جانورکا دستیاب نہ ہونا اور دوسرے ایسے جانور کو خریدنے کی طاقت نہ ہونا، ایسی صورت میں بھیڑ کا یعنی ”جَذَعَۃٌ” ایک سال کا دنبہ ذبح کیا جائے گا۔
تنبیہ : بعض ناعاقبت اندیش لوگ جانور کو دوندا باورکروانے کے لیے سامنے والے دانت توڑ دیتے ہیں ، یہ محض دھوکا اور فریب ہے ، ایسے جانور کی قربانی درست نہیں ۔

پی ڈی ایف میں ڈاون لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.