1,217

اولیاء کے نام پر جانور ذبح کرنے کی شرعی حیثیت، غلام مصطفی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ

بت پرستی اصل میں اولیاء پرستی ہی تھی۔مشرکین مکہ کے بت اولیاء اللہ کے نام اور ان کی صورتوں پر ہی مشتمل تھے۔قرآنِ کریم نے صاف طور پر اس کا ردّ کیا اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اسی بت پرستی کو مٹانے کے لیے تشریف لائے۔اسلام کی اساس بت پرستی کے قلع قمع ہی پر قائم ہوئی،لیکن بدقسمتی سے اسی بت پرستی کو بعد کے بعض مسلمانوں نے عقیدت و محبت اولیاء کا نام دے کر اپنے دین کا حصہ بنا لیا۔آج اسلام کے نام لیواؤں نے مشرکین مکہ سے بہت سے مشرکانہ افعال مستعار لے لیے ہیں۔
اولیاء اللہ کے نام پر جانور ذبح کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔جس طرح مشرکین مکہ اپنے بزرگوں کے ناموں اور مُورتیوں پر مبنی بتوں کے نام پر جانور چھوڑ دیتے تھے،ان کی تقلید میں آج کے بعض مسلمان بھی بزرگوں سے منسوب کر کے جانور چھوڑتے ہیں۔یہ نامزد جانور عام جانوروں کی طرح نہیں ہوتے،بلکہ ان لوگوں کے نزدیک وہ بڑی ’’حرمت‘‘والے ہوتے ہیں۔وہ جس کھیت میں گھس جائیں،اس کے مالک کے خیال میں اس کے ’’وارے نیارے‘‘ ہو جاتے ہیں۔وہ جدھر چاہیں جائیں،کوئی روک ٹوک نہیں ہوتی۔ان سے کوئی کام بھی نہیں لیا جاتا اور ان کی اپنی ایک پہچان ہوتی ہے۔لوگ جانتے ہوتے ہیں کہ یہ فلاں درگاہ یا فلاں مزار کا جانور ہے۔
کیا فرق ہے کہ کسی جانور کو اساف،نائلہ،منات وغیرہ سے موسوم کر دیا جائے اور اسے بحیرہ،سائبہ،وصیلہ،حام کا نام دے دیا جائے یا یہ کہہ دیا جائے کہ یہ اونٹ اور گائے اجمیر کی ’’چھٹی شریف‘‘کے لیے مختص ہے،یا کہہ دیا جائے کہ یہ گیارہویں کا بکرا ہے یا یہ فلاں کی منت اور نیاز ہے؟قدیم زمانے میں بھی یہ بزرگوں کی خوشنودی اور ان کا تقرب حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا تھا اور آج بھی یہ سب کچھ اولیاء کی تعظیم اور ان کے تقرب کے حصول کے لیے کیا جاتا ہے۔اس لیے کہ ان اولیاء کو خدائی طاقتوں کا مظہر سمجھ لیا گیااور کہہ دیا گیا کہ میرا یہ کام ہو گیا تو میں فلاں مزار پر کالا بکرا ذبح کروں گا یا کالے مرغ کی منت اور چڑھاوا چڑھاؤں گا۔
غیر اللہ کے نام سے منسوب کرنا اور ان کے نام پر ذبح کرنا شرک و کفر ہے۔ایسے جانوروں اور ایسی اشیاء کو کھانا حرام ہے۔یہ جانور اور یہ روپیہ اللہ تعالیٰ کی عطا ہے۔اللہ تعالیٰ کا واجب حق ہے کہ یہ چیزیں اسی کے نذرانے اور شکرانے میں صرف ہوں۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
{قُلْ اِنَّ صَلَاتِيْ وَنُسُکِيْ وَمَحْیَايَ وَمَمَاتِيْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ ٭ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَبِذٰلِکَ اُمِرْتُ وَاَنَا اَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ٭}(الأنعام 6 : 163,162)
’’(اے نبی!)کہہ دیجیے کہ میری نماز،میری قربانی،میری زندگی اور میری موت اللہ ہی کے لیے ہے جو جہانوں کا پروردگار ہے۔اس کا کوئی شریک نہیں۔مجھے یہی حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلے مطیع ہونے والا ہوں۔‘‘
ان آیات ِکریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم سے اعلان کروایا کہ میں نماز،جو کہ دین کا ستون اور رکن ہے،قلبی عبادات،جیسے خشوع اور توجہ الی اللہ،قولی عبادات،جیسے تکبیر و تحمید،قرآنِ کریم کی تلاوت،وغیرہ،عملی عبادات ،جیسے قیام،رکوع،سجدہ،جلوس وغیرہ، خالص اللہ رب العالمین کے لیے ادا کرتا ہوں۔میں صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل کرنے کے لیے جانور ذبح کرتا ہوں،مشرکین کی طرح انصاب و اصنام کے لیے نہیں۔ میں ساری زندگی اپنے اللہ کی بندگی اور نیاز مندی میں گزاروں گا اور اسی پر مرجاؤں گا۔ میں اقراری ہوں کہ عبادات کی تمام انواع واقسام میں اللہ رب العالمین کا کوئی شریک و سہیم نہیں۔
اس آیت ِکریمہ کی تفسیر میں حافظ،ابو الفدائ،اسماعیل بن عمر،ابن کثیرa(774-700ھ) نے کیا خوب لکھا ہے : یَأْمُرُہٗ تَعَالٰی أَنْ یُّخْبِرَ الْمُشْرِکِینَ، الَّذِینَ یَعْبُدُونَ غَیْرَ اللّٰہِ وَیَذْبَحُونَ لِغَیْرِ اسْمِہٖ، أَنَّہٗ مُخَالِفٌ لَّہُمْ فِي ذٰلِکَ، فَإِنَّ صَلَاتَہٗ لِلّٰہِ، وَنُسُکَہٗ عَلَی اسْمِہٖ، وَحْدَہٗ لَا شَرِیکَ لَہٗ، وَہٰذَا کَقَوْلِہٖ تَعَالٰی : {فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ}(الکوثر 108 : 2)، أَيْ : أَخْلِصْ لَہٗ صَلَاتَکَ وَذَبِیحَتَکَ، فَإِنَّ الْمُشْرِکِینَ کَانُوا یَعْبُدُونَ الْـأَصْنَامَ وَیَذْبَحُونَ لَہَا، فَأَمَرَہُ اللّٰہُ تَعَالٰی بِمُخَالَفَتِہِمْ، وَالِانْحِرَافِ عَمَّا ہُمْ فِیہِ، وَالْإِقْبَالِ بِالْقَصْدِ وَالنِّیَّۃِ وَالْعَزْمِ عَلَی الْإِخْلَاصِ لِلّٰہِ تَعَالٰی ۔ ’’اللہ تعالیٰ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم فرما رہے ہیں کہ وہ غیراللہ کی عبادت کرنے والے اور اللہ کے سوا کسی اور کے نام پر جانور ذبح کرنے والے مشرکوں کو بتا دیں کہ آپ اِن کاموں میں اُن کے مخالف ہیں۔مشرکین مکہ بتوں کی عبادت کرتے تھے اور ان کے لیے جانور بھی ذبح کرتے تھے۔اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم فرمایا کہ آپ ان کی مخالفت کریں ، ان کی اس رَوَش سے باز رہیں اور اپنی نیت و قصد اور عزم کے ساتھ اس بات پر قائم رہیں کہ ہر کام خالص اللہ تعالیٰ کے لیے کرنا ہے۔‘‘
(تفسیر القرآن العظیم : 128/3)
عبادات کی تمام انواع جیسے دعا و پکار اور التجا،محبت،خوف،امید و رجا،توکل و بھروسہ، رغبت و رہبت،خشوع و خضوع،رجوع و انابت، استعانت و استغاثہ،ذبح اور نذرو نیاز خالص اللہ کے لیے بجا لانی چاہئیں۔ان میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرانا چاہیے۔یہ اللہ تعالیٰ کے واجب حق ہیں،جو اسی کے لیے پورے کیے جانے ضروری ہیں۔ تاحیات ان پر ڈٹے رہنا اور تازیست ان کی دعوت دینا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔
خلیفہ چہارم،سیدنا علی بن ابو طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
’لَعَنَ اللّٰہُ مَنْ ذَبَحَ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘ ۔ ’’جو شخص اللہ کے سوا کسی اور کے لیے کچھ ذبح کرتا ہے،اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہوتی ہے۔‘‘(صحیح مسلم : 1978)
غیر اللہ کے لیے جانور ذبح کرنا باعث ِلعنت کام ہے۔یہ مشرکوں اور کافروں کا شعار ہے۔اللہ کے علاوہ کسی کی تعظیم و تقرب کے لیے کچھ ذبح کرنا شرک ہے اور ایسا ذبیحہ حرام، یعنی اس کا گوشت کھانا ممنوع ہے۔
اللہ تعالیٰ نے حرام چیزوں کا بیان کرتے ہوئے فرمایا :
{وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}(البقرۃ 2 : 173)
’’اور جو کچھ،پکارا جائے اوپر اس کے واسطے غیر اللہ کے۔‘‘(ترجمہ شاہ رفیع الدین)
اس آیت ِکریمہ سے معلوم ہوا کہ :
1 کسی جانور یا کسی اور چیز کو غیراللہ کے لیے نامزد کیا جائے،خواہ ذبح کے وقت اللہ کا نام ہی کیوں نہ پکارا جائے،تب بھی حرام ہے۔
2 ذبح کے وقت غیر اللہ کا نام پکارا جائے،تب بھی حرام ہے۔
3 بِسْمِ اللّٰہِ وَاللّٰہُ أَکْبَرُ کہہ کر ذبح کیا جائے اور ساتھ یہ بھی کہہ دیا جائے کہ اے اللہ! فلاں ولی یا بزرگ کے تقرب کے لیے یہ جانور ذبح کیا گیا ہے،تب بھی حرام ہے۔
4 اللہ کے لیے ذبح کیا جائے اور بوقت ِذبح نام غیر اللہ کا پکارا جائے، تب بھی حرام ہے۔
5 ذبح اللہ کے لیے کیا جائے،لیکن اللہ تعالیٰ کے مبارک نام کے ساتھ غیراللہ کا نام شامل کر دیا جائے، تب بھی حرام ہے۔
فقہ حنفی بھی یہی کہتی ہے۔حنفی مذہب کی مستند و معتبر کتابوں میں لکھا ہوا ہے :
یَقُولُ : بِسْمِ اللّٰہِ، وَاسْمِ فُلَانٍ، أَوْ یَقُولُ : بِسْمِ اللّٰہِ وَفُلَانٍ، أَوْ بِسْمِ اللّٰہِ وَمُحَمَّدِ رَّسُولِ اللّٰہِ، فَتَحْرُمُ الذَّبِیحَۃُ، لِأَنَّہٗ أُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ ۔
’’اگر کوئی بندہ بوقت ِذبح کہے :[بِسْمِ اللّٰہِ، وَاسْمِ فُلَانٍ] اللہ کے نام کے ساتھ اور فلاں کے نام کے ساتھ،یا[بِسْمِ اللّٰہِ، وَفُلَانٍ]اللہ اور فلاں کے نام کے ساتھ، یا[بِسْمِ اللّٰہِ وَمُحَمَّدِ رَّسُولِ اللّٰہِ]اللہ اور محمدرسول اللہ( صلی اللہ علیہ وسلم )کے نام کے ساتھ، تو ذبیحہ حرام ہو جاتا ہے،کیونکہ اس پر غیراللہ کا نام پکار دیا گیا ہے۔‘‘
(بدائع الصنائع للکاساني : 48/5، الہدایۃ للمرغیناني : 435/2)
شبہات اور ان کا ازالہ
اس مسئلے میں بریلوی مکتب ِفکر کا موقف ہے کہ اگر کسی جانور کو اولیاء کے نام سے منسوب کر دیا جائے اور وقت ِذبح اللہ کا نام لے لیا جائے تو وہ حلال ہے۔اس لیے وہ آیت ِ کریمہ{وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}کی تفسیرو تاویل یہ کرتے ہیں کہ وہ جانور حرام ہے، جس پر ذبح کے وقت غیر اللہ کا نام پکارا جائے،حالانکہ اس آیت ِکریمہ کو وقت ِذبح کے ساتھ خاص کرنے کی کوئی دلیل نہیں۔ اس آیت ِکریمہ کے مطابق کسی جانور پر کسی بھی وقت غیر اللہ کا نام پکارنے سے وہ حرام ہو جاتا ہے۔وقت ِذبح بھی اسی حرمت کا ایک موقع اور محل ہے۔
1 وقت ِذبح کی قید نہیں :
[إِہْلَال] کے معنیٰ [رَفْعُ الصَّوْتِ]یعنی آواز بلند کرنا ہے،یعنی ذبح کے وقت یا ذبح سے پہلے،کسی بھی وقت اس پر غیراللہ کا نام پکارا جائے تو جانور حرام ہو جاتا ہے۔اگرچہ مفسرین نے ذبح کے وقت نام پکارنے کو[إِہْلَال] کہا ہے،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ عام اوقات میں جانور کو غیراللہ کے نام منسوب کیا جا سکتا ہے۔چونکہ مشرکین کی عام عادت یہ تھی کہ جو جانور انہوں نے غیر اللہ،یعنی بزرگوں کے بتوں کے تقرب و تعظیم میں چھوڑے ہوتے تھے،ذبح کے وقت ان پر انہی کا نام پکارتے تھے۔لہٰذا اگر کسی جانور پر بغرضِ تعظیم و تقرب کسی کا نام پکارا جائے اور وقت ِذبح اللہ کا نام لے کر ذبح کر دیا جائے تو بھی وہ حرام ہی ہو گا۔
اس لیے مفتی احمد یار خان نعیمی بریلوی صاحب (م : 1391ھ)کا یہ کہنا صحیح نہیں کہ :
’’پکارنے سے مراد وقت ِذبح پکارنا ہے۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 359/1)
یہی نظریہ ملاجیون،ماتریدی،حنفی(م : 1130ھ) کا ہے،وہ لکھتے ہیں :
وَمِنْ ہٰہُنَا عُلِمَ أَنَّ الْبَقَرَۃَ الْمَنْذُورَۃَ لِلْـأَوْلِیَائِ، کَمَا ہُوَ الرَّسْمُ فِي زَمَانِنَا، حَلَالٌ طَیِّبٌ، لِأَنَّہٗ لَمْ یُذْکَرِ اسْمُ غَیْرِ اللّٰہِ عَلَیْہَا وَقْتَ الذَّبْحِ، وَإِنْ کَانُوا یَنْذِرُونَہَا لَہٗ ۔ ’’اس سے معلوم ہوا کہ وہ گائے جسے اولیاء کے لیے نذر مانا گیا ہے،جیسا کہ ہمارے زمانے میں رواج ہے،وہ حلال اور پاکیزہ ہے،کیونکہ بوقت ِذبح اس پر غیر اللہ کا نام نہیں لیا گیا،اگرچہ اسے غیراللہ کی نذر کیا گیا ہے۔‘‘
(التفسیرات الأحمدیّۃ، ص : 45)
اس شبہ کے ردّ و جواب میں عالَمِ اسلام کے عظیم سکالر،ممتاز اہل حدیث عالِم، علامہ، ڈاکٹر شمس الدین،سلفی،افغانیa(م :1420ھ/1997ئ)فرماتے ہیں :
لَقَدْ أَجَابَ عُلَمَائُ الْحَنَفِیَّۃِ عَنْ ہٰذِہِ الشُّبْہَۃِ، أَنَّ الْعِبْرَۃَ فِي النَّذْرِ لِغَیْرِ اللّٰہِ تَعَالٰی لِلنِّیَّۃِ، لَا لِذِکْرِ اسْمِ غَیْرِ اللّٰہِ عِنْدِ ذَبْحِ الْمَنْذُورِ، فَمَنْ نَذَرَ بَقَرَۃً لِّمَیِّتٍ، مَثَلاً، فَقَدْ أَشْرَکَ بِمُجَرَّدِ نَذْرِہٖ إِیَّاہُ لَہٗ، سَوَائٌ ذَکَرَ اسْمَ اللّٰہِ عِنْدَ ذَبْحِہَا، أَوْ ذَکَرَ اسْمَ ذٰلِکَ الْمَیِّتِ، فَإِنَّ الْعِبْرَۃَ لِنِیَّۃِ ہٰذَا النَّاذِرِ، الْمُتَقَرِّبِ إِلٰی ذٰلِکَ الْمَیِّتِ، الطَّالِبِ بِنَذْرِہٖ لَہٗ کَشْفَ الْمُعْضَلَاتِ، وَجَلْبَ الْخَیْرَاتِ مِنْہُ، لِقَوْلِہٖ تَعَالٰی : {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}(البقرۃ 2 : 173)، وَقَوْلِہٖ تَعَالٰی : {وَمَا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(المائدۃ 5 : 3، والنحل 16 : 115)، وَقَوْلِہٖ تَعَالٰی : {اَوْ فِسْقًا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(الأنعام 6 : 145)، فَمَا أُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ أَعَمُّ مِنَ الْمَذْبُوحِ بِاسْمِ غَیْرِ اللّٰہِ، فَإِنَّ مَا أُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ قَدْ یَکُونُ مِنْ قَبِیلِ الْمَشْرُوبَاتِ، أَوِ الْمَلْبُوسَاتِ، أَوِ الْمَشْمُومَاتِ، بَلْ قَدْ یَکُونُ مِنَ الْمَعَادِنِ، کَالذَّہَبِ، وَالْفِضَّۃِ، وَالْیَاقُوتِ، وَالْمَرْجَانِ، وَنَحْوِہَا، وَقَدْ یَکُونُ مِنَ الْمَطْعُومَاتِ الَّتِي لَا تَحْتَاجُ إِلَی الذَّبْحِ، کَالسَّمْکِ، وَالزَّیْتِ، وَالسَّمْنِ، وَالْعَسَلِ، وَنَحْوِہَا، لِأَنَّ [الْإِہْلَالَ] ہُوَ رَفْعُ الصَّوْتِ بِالشَّيْئِ، وَلَیْسَ مَعْنَاہُ الذَّبْحُ، فَمَنْ زَعَمَ أَنَّ مَعْنٰی قَوْلِہٖ : {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}، مَا ذُبِحَ بِاسْمِ غَیْرِ اللّٰہِ، بِأَنْ یُّذْکَرَ اسْمُہٗ عَلَیْہِ وَقْتَ الذَّبْحِ، فَقَدْ غَلِطَ غَلَطًا مُّبِینًا، وَقَیَّدَ مُطْلَقَ الْکِتَابِ، وَخَصَّصَ عَامَّہٗ بِدُونِ دَلِیلٍ مَّسُوغٍ، وَتَقَوَّلَ عَلَی اللُّغَۃِ الْعَرَبِیَّۃِ مَا لَا یَعْرِفُہُ الْعَرَبُ، فَإِنَّ الْإِہْلَالَ لَمْ یُعْرَفْ عِنْدَ الْعَرَبِ بِمَعْنَی الذَّبْحِ، وَأَمَّا مَا ذَکَرَہٗ بَعْضُ الْمُفَسِّرِینَ فِي تَفْسِیرِ ہٰذِہِ الْآیَۃِ : وَمَا ذُبِحَ لِلْـأَصْنَامِ وَالطَّوَاغِیتِ، وَنَحْوِ ذٰلِکَ، فَلَیْسَ ہٰذَا مَعْنَاہَا اللُّغَوِيُّ الْکَامِلُ، بَلْ قَصْدُہُمْ بَیَانُ فَرْدٍ مِّنْ أَفْرَادِ {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}، فَإِنَّ الْمُشْرِکِینَ السَّابِقِینَ کَانُوا عَادَۃً إِذَا نَذَرُوا شَیْئًا مِّنَ الْـأَنْعَامِ لِآلِہَتِہِمْ ذَبَحُوہُ بِأَسْمَائِہَا، بِخِلَافِ الْقُبُُورِیَّۃِ فِي ہٰذِہِ الْـأُمَّۃِ، فَإِنَّہُمْ إِذَا نَذَرُوا بَقَرَۃً، مَثَلاً، لِأَوْلِیَائِہِمُ الْـأَمْوَاتِ، مَثَلاً، ذَبَحُوہَا بِاسْمِ اللّٰہِ تَعَالٰی لِسَانًا وَّظَاہِرًا، حِیلَۃً مِّنْہُمْ، وَلٰکِنْ ہٰذَا الْمَنْذُورُ الْمَذْبُوحُ یَکُونُ مَذْبُوحًا فِي الْحَقِیقَۃِ بِاسْمِ ذٰلِکَ الْوَلِيِّ الْمَیِّتِ، فَہُمْ، وَإِنْ لَّمْ یَذْکُرُوا اسْمَ ہٰذَا الْوَلِيِّ الْمَنـْذُورِ لَہٗ ظَاہِرًا عَلٰی أَلْسِنَتِہِمْ عِنْدَ ذَبْحِ ذٰلِکَ الْحَیَوَانِ الْمَنْذُورِ، لٰکِنَّہُمْ یَذْکُرُونَ اسْمَ وَلِیِّہِمْ بَاطِنًا فِي قُلُوبِہِمْ قَبْلَ ذَبْحِہٖ، وَعِنْدَ ذَبْحِہٖ، وَبَعْدَ ذَبْحِہٖ، دَلَّ عَلٰی ذٰلِکَ نَذْرُہُمْ لَہٗ، وَنِیَّتُہُمْ، وَتَقَرُّبُہُمْ إِلَیْہِ، وَاسْتِعْطَافُہُمْ إِیَّاہُ لِدَفْعِ الْمُلِمَّاتِ، وَجَلْبِ الْخَیْرَاتِ، إِذًا لَّا تَأْثِیرَ لِذِکْرِ اسْمِ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ عِنْدَ الذَّبْحِ، مَا دَامَ الْمَنْذُورُ لِغَیْرِ اللّٰہِ تَعَالٰی، فَذَبْحُہُمْ بِاسْمِ اللّٰہِ تَعَالٰی لَیْسَ إِلَّا حِیلَۃً قَبُورِیَّۃً، لَا تُنْجِیہِمْ مِّنَ الشِّرْکِ وَالتَّحْرِیمِ، لِأَنَّ الْعِبْرَۃَ لِلنِّیَّۃِ، لَا لِذِکْرِ اسْمِ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَی اللِّسَانِ، فَہٰذَا النَّاذِرُ مُشْرِکٌ، وَہٰذَا الْمَنْذُورُ حَرَامٌ، وَإِنْ ذُکِرَ اسْمُ اللّٰہِ عَلَیْہِ وَقْتَ الذَّبْحِ ۔
’’علمائے احناف نے اس شبہے کا جواب یہ دیا ہے کہ غیراللہ کی نذر ماننے میں اعتبار نیت کا ہو گا،نہ کہ نذر کیے گئے جانور کو ذبح کرتے وقت اللہ کا نام ذکر کرنے کا۔جس شخص نے کسی میت کے لیے کوئی گائے نذر مانی تو وہ محض نذر کرنے ہی سے مشرک ہو جائے گا، خواہ وہ اسے ذبح کرتے وقت اس میت کا نام لے یا نہ لے۔اعتبار تو اس نذر ماننے والے کی نیت کا ہے جو اس میت کا تقرب حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس نذر کے ذریعے میت سے مشکلات کو دُور کرنے اور بھلائیوں کو قریب کرنے کا طالب ہے،کیونکہ {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}(البقرۃ 2 : 173)(اور جس کو غیر اللہ کے لیے پکارا جائے)، {وَمَا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(المائدۃ 5 : 3، والنحل 16 : 115)(اور جس کو غیر اللہ کے لیے پکارا جائے)،{اَوْ فِسْقًا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(الأنعام 6 : 145)(یا وہ فسق ہو کہ اس پر اللہ کے علاوہ کسی اور کا نام پکارا گیا ہو)ان سب فرامین باری تعالیٰ میں غیر اللہ کے لیے پکارا جانا عام ہے،خواہ اسے غیراللہ کا نام لے کر ذبح کیا جائے یا نہ کیا جائے۔جس چیز پر غیر اللہ کا نام پکارا جائے، وہ بسااوقات مشروبات یا ملبوسات یا عطریات سے تعلق رکھتی ہوتی ہے ،بلکہ بسااوقات معدنیات،مثلاً سونا،چاندی،یاقوت و مرجان وغیرہ کی ہوتی ہے اور کبھی تو کھانے کی ایسی چیز ہوتی ہے،جسے ذبح کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی،جیسا کہ مچھلی،تیل،گھی اور شہد وغیرہ(تو کیا غیر اللہ کی ایسی نذر جائز ہو جائے گی؟)۔اِہلال کا معنیٰ آواز بلند کرنا ہے،ذبح کرنا نہیں۔ جس نے یہ دعویٰ کیا کہ فرمانِ باری تعالیٰ : {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}سے مراد وہ جانور ہے جس پر بوقت ِذبح غیر اللہ کا نام لیا جائے،اس نے بڑی فَحش غلطی کی ہے اور قرآنِ کریم کی ایک مطلق آیت کو بغیر کسی دلیل کے مقید اور ایک عام آیت کو بغیر دلیل کے خاص کر دیا ہے،اس نے عربی زبان میں ایسی بات شامل کرنے کی کوشش کی ہے،جسے عرب لوگ جانتے تک نہیں۔اہل عرب کے ہاں اہلال ذبح کے معنیٰ میں نہیں ہوتا۔ بعض مفسرین کرام نے اس آیت کی تفسیر میں جو اس طرح کی بات کہی ہے کہ ایسا جانور جو بتوں اور طاغوتوں کے لیے ذبح کیا جائے۔۔۔،تو انہوں نے اس لفظ کا پورا لغوی معنیٰ نہیں کیا، بلکہ ان کا مقصود اس آیت ِکریمہ میں مراد لی گئی چیزوں میں سے ایک چیز کو بیان کرنا تھا،کیونکہ پہلی امتوں کے مشرکین جب کسی جانور کو اپنے معبودوں کے لیے نذر کرتے تھے تو عموماً اسے انہی معبودوں کانام لے کر ذبح کرتے تھے۔اس امت کے قبرپرست اپنی قبرپرستی کے لیے حیلہ کرتے ہوئے اولیاء کی نذر کیے گئے جانور کو ظاہری طور پر اللہ کے نام پر ذبح کر دیتے ہیں،لیکن درحقیقت یہ جانور اسی مُردہ ولی کے نام پر ذبح ہوتا ہے۔یہ لوگ اگرچہ ظاہری طور پر اپنی زبان سے اس ولی کا نام نہیں لیتے،لیکن ان کے دلوں میں اس جانور کو ذبح کرنے سے پہلے،ذبح کرتے وقت اور ذبح کرنے کے بعد اسی کا ذکر ہوتا ہے۔ان کا اس جانور کو میت کی نذر کرنا،دل میں جانور کو اس میت سے منسوب کرنا،جانور کا نذرانہ پیش کر کے اس ولی کے تقرب کے حصول کی کوشش اور اس سے مصائب کو دُور کرنے اور آسائشوں کو قریب لانے کی فریاد کرنا،یہ سب چیزیں اس بات کی واضح دلیل ہیں ۔معلوم ہوا کہ جب جانور کو غیر اللہ کی نذر کیا گیا ہو، اس وقت زبانی طور پر اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کرنا کوئی معنیٰ نہیں رکھتا۔ اللہ کا نام لے کر ذبح کرنا تو قبرپرستی کا ایک حیلہ ہے،جو انہیں شرک کرنے اور حرام کھانے سے بری نہیں کر سکتا،کیونکہ اعتبار تو نیت کا ہے نہ کہ زبانی طور پر اللہ کا نام لے کر ذبح کرنے کا۔ایسی نذر ماننے والا مشرک ہے اور ایسا نذر کیا گیا جانور حرام ہے،اگرچہ ذبح کرتے وقت اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کیا جاتا رہے۔‘‘(جہود علماء الحنفیّۃ في إبطال عقائد القبوریّۃ : 1561/3، 1562)
شیخ الاسلام،ابو العباس،احمد بن عبد الحلیم،ابن تیمیہa(728-661ھ)فرماتے ہیں :
فَإِنَّ قَوْلَہٗ تَعَالٰی : {وَمَا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(المائدۃ 5 : 3) ظَاہِرُہٗ أَنَّہٗ مَا ذُبِحَ لِغَیْرِ اللّٰہِ، مِثْلُ أَنْ یُّقَالَ : ہٰذَا ذَبِیحَۃٌ لِّکَذَا، وَإِذَا کَانَ ہٰذَا ہُوَ الْمَقْصُودَ، فَسَوَائٌ لَّفَظَ بِہٖ أَوْ لَمْ یَلْفِظْ، وَتَحْرِیمُ ہٰذَا أَظْہَرُ مِنْ تَحْرِیمِ مَا ذَبَحَہٗ لِلَحْمٍ، وَقَالَ فِیہِ : بِاسْمِ الْمَسِیحِ، وَنَحْوِہٖ، ۔۔۔، فَإِذَا حُرِّمَ مَا قِیلَ فِیہِ : بِاسْمِ الْمَسِیحِ، أَوِ الزَّہْرَۃِ، فَلَـأَنْ یُّحَرَّمَ مَا قِیلَ فِیہِ : لأَِجْلِ الْمَسِیحِ وَالزَّہْرَۃِ، أَوْ قَصَدَ بِہٖ ذٰلِکَ، أَوْلٰی، وَہٰذَا یُبَیِّنُ لَکَ ضَعْفَ قَوْلِ مَنْ حَرَّمَ مَا ذُبِحَ بِاسْمِ غَیْرِ اللّٰہِ، وَلَمْ یُحَرِّمْ مَّا ذُبِحَ لِغَیْرِ اللّٰہِ، ۔۔۔، وَعَلٰی ہٰذَا، فَلَوْ ذُبِحَ لِغَیْرِ اللّٰہِ مُتَقَرِّبًا بِہٖ إِلَیْہِ لَحُرِّمَ، وَإِنْ قَالَ فِیہِ : بِسْمِ اللّٰہِ، کَمَا یَفْعَلُہٗ طَائِفَۃٌ مِّنْ مُّنَافِقِي ہٰذِہِ الْـأُمَّۃِ، الَّذِینَ یَتَقَرَّبُونَ إِلَی الْـأَوْلِیَائِ وَالْکَوَاکِبِ، بِالذَّبْحِ، وَالْبُخُورِ، وَنَحْوِ ذٰلِکَ ۔
’’فرمانِ باری تعالیٰ{وَمَا اُہِلَّ لِغَیْرِ اللّٰہِ بِہٖ}(المائدۃ 5 : 3) (اور جو غیر اللہ کے لیے پکارا جائے)سے واضح طور وہ جانور مراد ہے جو غیر اللہ کے لیے ذبح کیا جائے، مثلاً کہا جائے کہ یہ جانور فلاں کے لیے ذبح کیا گیا ہے۔جب مقصد یہ ہو تو زبان سے ادا کرنے یا نہ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اس کی حرمت اس جانور کی حرمت سے زیادہ واضح ہے جسے گوشت کھانے کی نیت سے ذبح کیا جائے،لیکن ذبح کرتے وقت اس پر مسیح کا نام لیا جائے۔۔۔جب مسیح یا کسی ستارے کا نام لے کر ذبح کیا گیا جانور حرام ہے تو وہ جانور بالاولیٰ حرام ہے جس کے بارے میں کہہ دیا جائے کہ یہ مسیح یا کسی ستارے کے لیے ہے یا ایسی نیت کر لی جائے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان لوگوں کی بات کمزور ہے جو کہتے ہیں کہ غیر اللہ کے نام لے کر ذبح کیا گیا جانور تو حرام ہے ، لیکن غیر اللہ کے لیے ذبح کیا گیا جانور حرام نہیں۔۔۔اس لیے جو جانور کسی غیر اللہ کا تقرب حاصل کرنے کے لیے ذبح کیا جائے،وہ حرام ہے،اگرچہ اسے ذبح کرتے وقت اللہ ہی کا نام لیا جائے۔جیسا کہ اس امت کے منافقوں کا ایک گروہ کرتا ہے،یہ لوگ اولیاء اللہ یا ستاروں کا تقرب حاصل کرنے کے لیے جانور ذبح کرتے ہیں اور عطریات وغیرہ کے ذریعے ان کی نذریں مانتے ہیں۔‘‘
(اقتضاء الصراط المستقیم لمخالفۃ أصحاب الجحیم : 64/2)
شارحِ صحیح بخاری،حافظ،احمد بن علی،ابن حجرa(852-773ھ)فرماتے ہیں :
{وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}، أَيْ مَا ذُبِحَ لِغَیْرِہٖ، وَأَصْلُہٗ رَفْعُ الذَّابِحِ صَوتَہٗ بِذِکْرِہٖ مَنْ ذُبِحَ لَہٗ ۔ ’’اس فرمانِ باری تعالیٰ سے مراد وہ جانور ہے جو اللہ کے علاوہ کسی اور کے لیے ذبح کیا جائے۔اہلال کا اصل معنیٰ یہ ہے کہ ذبح کرنے والا اس ہستی کا بلند آواز سے ذکر کرے،جس کے لیے جانور ذبح کیا جا رہا ہو۔‘‘
(ہُدی الساري مقدّمۃ فتح الباري، ص : 202)
حنفی مذہب کی معتبر کتابوں میں لکھا ہوا ہے :
ذَبْحٌ لِّقُدُومِ الْـأَمِیرِ، وَنَحْوِہٖ، کَوَاحِدٍ مِّنَ الْعُظَمَائِ، یَحْرُمُ، لِـأَنَّہٗ أُہِلَ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ، وَلَوْ ذُکِرَ اسْمُ اللّٰہِ تَعَالٰی ۔
’’امیر یا اس طرح کے کسی بڑے کی آمد پر جانور ذبح کرنا حرام ہے،کیونکہ اس پر غیر اللہ کا نام پکارا گیا ہے،اگرچہ اس پر (بوقت ِذبح)اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کیا گیا ہو۔‘‘
(الدر المختار للحصکفي : 320/2، الدر المختار مع رد المحتار لابن عابدین : 195/6، وفي نسخۃ : 309/6، مجموعۃ الفتاوی لعبد الحیٔ اللکنوي الحنفي : 306/2، 223/3)
معلوم ہوا کہ غیر اللہ کا تقرب مقصود ہو تو ذبح کیا گیا جانور حرام ہوتا ہے،خواہ ذبح کے وقت غیر اللہ کا نام نہ پکارا جائے،بلکہ اسے اللہ کا نام لے کر ذبح کیا جائے۔
ان عبارتوں سے اہلال کا معنیٰ واضح ہو جاتا ہے،یعنی وہ جانور حرام ہے جس کے متعلق غیراللہ کی تعظیم کی نیت ہو،وقت ِذبح کی کوئی قید نہیں۔
شاہ عبد العزیز دہلوی حنفی بن شاہ ولی اللہ دہلوی حنفی(1239-1159ھ)لکھتے ہیں :
’’اگر یہ نیت ہو کہ غیر اللہ کا تقرب حاصل ہو تو اگرچہ ذبح کے وقت اللہ تعالیٰ کا نام لے کر ذبح کریں،تب بھی وہ ذبیحہ حرام ہو گا۔‘‘(فتاوی عزیزیہ : 47/1)
جناب احمد سرہندی،الملقب بہ ’’مجدد الف ثانی‘‘(م : 1034ھ)فرماتے ہیں :
’’بزرگوں کے لیے جو نذریں حیوانات کی مانتے ہیں اور ان کو قبروں پر لے جا کر ذبح کرتے ہیں،فقہی روایات نے اس عمل کو شرک میں داخل کیا ہے۔‘‘
(مکتوبات امام ربانی، ص : 73، مکتوب نمبر 41، دفتر : 3)
علامہ ،محمدبن علی،شوکانی،یمنیa(1250-1173ھ)اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں :
وَالْمُرَادُ ہُنَا مَا ذُکِرَ عَلَیْہِ اسْمُ غَیْرِ اللّٰہِ، کَاللَّاتِ، وَالْعُزّٰی، إِذَا کَانَ الذَّبَّاحُ وَثَنِیًّا، وَالنَّارِ، إِذَا کَانَ الذَّابِحُ مَجُوسِیًّا، وَلَا خِلَافَ فِي تَحْرِیمِ ہٰذَا وَأَمْثَالِہٖ، وَمِثْلُہٗ مَا یَقَعُ مِنَ الْمُعْتَقِدِینَ لِلْـأَمْوَاتِ، مِنَ الذَّبْحِ عَلٰی قُبُورِہِمْ، فَإِنَّہٗ مِمَّا أُہِلَ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ، وَلَا فَرْقَ بَیْنَہٗ وَبَیْنَ الذَّبْحِ لِلْوَثَنِ ۔
’’اس آیت ِکریمہ میں وہ جانور مراد ہے جس پر غیراللہ کا نام لیا جائے،جیسا کہ اگر ذبح کرنے والا بت پرست ہو تو وہ لات و عزی کا نام لے گا اور اگر وہ مجوسی ہو تو آگ کا۔ اس طرح کے جانوروں کی حرمت میں کوئی اختلاف نہیں۔مُردہ پرستوں کی طرف سے قبروں پر جو جانور ذبح کیے جاتے ہیں،وہ بھی اسی طرح حرام ہیں،کیونکہ ان پر بھی غیر اللہ کا نام پکارا گیا ہوتا ہے۔قبروں پر اور بتوں کے استہانوں پر جانور ذبح کرنے میں کوئی فرق نہیں۔‘‘
(فتح القدیر الجامع بین فنّي الروایۃ والدرایۃ من علم التفسیر : 196/1)
معلوم ہوا کہ جو جانور بتوں،دیویوں،دیوتاؤں،آستانوں،قبروں اور اولیاء اللہ کے لیے نامزد ہو گیا،اسے بسم اللہ پڑھ کر بھی ذبح کیاجائے تو وہ حرام ہی رہتا ہے،کیونکہ اس کو غیراللہ کے لیے مقرر کرنے والے کا مقصد گوشت نہ تھا،بلکہ غیر اللہ کا تقرب تھا۔
’’مفتی‘‘احمد یار خان نعیمی بریلوی صاحب ایک اشکال ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’اگر کسی نے جانور میت کے نام پر پالا،بعد میں اس سے تائب ہو گیا اور خالص نیت سے اس کو ذبح کیا تو یہ بالاتفاق حلال ہے،حالانکہ [أُہِلَّ]میں تو یہ بھی داخل ہو گیا۔اگر ایک بار بھی غیر اللہ کا نام اس پر بول دیا [مَا أُہِلَّ]کی حد میں آ گیا۔اب ماننا پڑا کہ وقت ِذبح اللہ کا نام پکارنا معتبر ہے،نہ کہ قبل کا۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 364-363/1)
جس وجہ سے اس حلال جانور کا کھانا حرام ہوا تھا،جب وہ وجہ ہی ختم ہو گئی تو اس کا کھانا جائز ہو گیا۔جب ایک شخص نے اپنے دل سے غیر اللہ کی نذر ونیاز کی نیت ہی ختم کر دی تو وہ جانور غیراللہ سے منسوب رہا ہی نہیں۔اس سے وقت ِذبح کی قید کیسے ثابت ہو گئی؟
2 نذر و نیاز والی نسبت شرک ہے :
کسی چیز کو اگر اولیاء اللہ کی طرف منسوب کیا جائے تو یہ نسبت نذر و نیاز کی ہو گی،جو کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کے لیے کرنا شرک، حرام اور ناجائز ہے۔اس کے برعکس کوئی جانور اپنے مالک کی طرف منسوب ہو تو یہ نسبت نذر ونیاز کی نہیں بلکہ ملکیتی ہے،اسی طرح اگر اسے کسی موقع کے ساتھ منسوب کر دیا جائے، مثلاً عید کا بکرا، تو یہ نسبت اللہ تعالیٰ کے لیے نذر و نیاز کی ہے،جو کہ عین عبادت ہے اور ولیمے کی گائے،وغیرہ،یہ نسبت غیراللہ کے لیے نذر ونیاز کی نہیں۔اتنی سی بات بعض لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتی۔
جناب ’’مفتی‘‘احمد یار خان نعیمی بریلوی لکھتے ہیں :
’’جب [أُہِلَّ]کے لغوی معنیٰ مراد ہوئے،یعنی جانور پر اس کی زندگی میں یا بوقت ِذبح غیر اللہ کا نام پکارنا جانور کو حرام کر دیتا ہے تو لازم آیا کہ جانور کے سوا دوسری اشیاء بھی غیراللہ کی طرف نسبت کرنے سے حرام ہو جاویں،کیونکہ قرآن میں آتا ہے :{وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ}’ہر وہ چیز جو کہ غیراللہ کے نام پر پکاری جائے۔‘ ’ما‘میں جانور کی قید نہیں۔پھر خواہ تقرب کی نیت سے پکارا یا کسی اور نیت سے بہرحال حرمت آنی چاہیے،تو زید کا بکرا، عمرو کی بھینس،زید کے آم،بکر کے پھل،فلاں کی بیوی۔۔۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 363/1)
ان لوگوں کو کوئی پوچھے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو فرمایا ہے کہ غیر اللہ کے لیے جانور ذبح کرنا شرک ہے،اس کا مصداق بھی کوئی ہے یا نہیں؟ظاہر ہے کہ جو جانور غیر اللہ کے لیے نذر نیاز کی نیت سے منسوب کر کے ذبح کیا جائے گا،وہی حرام ہو گا اور یہی نسبت شرک ہو گی،اس کے علاوہ باقی ساری نسبتیں جائز ہوں گی۔
صاف ظاہر ہے کہ جو جانور یا چیزیں اصحاب ِقبور اور اولیاء اللہ کی طرف منسوب ہوتی ہیں،وہ ان کی نذر و نیاز ہونے کی بنا پر ہی منسوب ہوتی ہیں۔اگر کوئی کہے کہ یہ غوث پاک کی گائے ہے یا یہ شیخ سدو کا بکرا ہے تو یہ غیر اللہ کے لیے نذر ونیاز ہی تو ہے۔
’’مفتی‘‘ صاحب کی ایک تعجب خیز بات ملاحظہ فرمائیں،وہ لکھتے ہیں :
’’گیارہویں کا بکرا یا غوث پاک کی گائے وغیرہ،یہ شرعاً حلال ہے،جیسا کہ ولیمہ کا جانور۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 359,358/1)
حلت و حرمت کا اختیار اللہ تعالیٰ کے پاس ہے،کسی انسان کو اسے اپنے ہاتھ میں کرنے کی اجازت نہیں،لیکن ’’مفتی‘‘صاحب شاید حلت و حرمت کو اپنی اجارہ داری سمجھ رہے ہیں! ہمارا سوال ہے کہ ولیمہ کے جانور کی نسبت تو شریعت سے ثابت ہے،لہٰذا ولیمے کا جانور شرعاً حلال ہوا،لیکن گیارہویں کا بکرا یا غوث پاک کی گائے والی نسبت کس شریعت سے ثابت ہے؟ظاہر ہے کہ یہ نسبت شریعت ِاسلامیہ سے ثابت ہو گی تو ہی ایسا جانور شرعاً حلال ہو گا۔ بتائیں کہ کس صحابی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی گائے چھوڑی یا ذبح کی؟
کہاں غیراللہ کی نذر ونیاز کے لیے ان سے جانور منسوب کرنے کا شرکیہ عمل اور کہاں ولیمہ جیسے مسنون عمل کے لیے منسوب جانور۔جب دامن دلائل سے خالی ہو جائے تو ایسی ہی بے ربط باتیں کی جاتی ہیں۔چاہیے تو یہ تھا کہ ’’مفتی‘‘صاحب غیراللہ کے نام پر ذبح کرنے کے ثبوت کے لیے غیر اللہ کے نام کی نذر و نیاز ثابت کرتے،لیکن انہوں نے جاہل عوام کو دھوکا دینے کے لیے اس طرح کی الٹی سیدھی باتیں شروع کر دی ہیں۔
3 گوشت کھانا یا نہ کھانا مؤثر نہیں :
غیراللہ کے لیے جو جانور ذبح کیا جائے،اس کا گوشت کھانے کا ارادہ ہو یا نہ ہو،اسے کھایا جائے یا نہ کھایا جائے،وہ حرام ہی ہوتا ہے۔
’’مفتی‘‘ صاحب فقہ حنفی کی کچھ عبارات کی مراد بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’غیرخدا کو راضی کرنے کے لیے صرف خون بہانے کی نیت سے ذبح کرنا کہ اس میں گوشت مقصود نہ ہو،جیسے کہ ہندو لوگ بتوں یا دیوی کی بھینٹ چڑھاتے ہیں کہ اس سے صرف خون دے کر بتوں کو راضی کرنا مقصود ہے۔یہ جانور اگر بسم اللہ کہہ کر بھی ذبح کیا جاوے،جب بھی حرام ہے،بشرطیکہ ذبح کرنے والے کی نیت بھینٹ کی ہو،نہ کہ ذبح کرانے والے کی۔ان فقہی عبارات سے یہ ہی مراد ہے۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 365,364/1)
کیا بریلوی حضرات بزرگوں کے نام پر جانور ذبح کرتے ہیں تو ان کا مقصود گوشت کھانا ہوتا ہے؟کیا قبروں پر جانور ذبح کرنے والے گوشت کھانے کے لیے ایسا کرتے ہیں؟
ہم ’’مفتی‘‘صاحب کی اس عبارت پر کوئی تبصرہ کرنے کی بجائے،اسی عبارت کو حسب ِ حال ہندو کی جگہ بریلوی اور بتوں کی جگہ قبروں وغیرہ کے الفاظ لگا کر لکھ رہے ہیں اور فیصلہ اربابِ فکر و نظر پر چھوڑتے ہیں کہ وہ خود ہی انصاف کر دیں، ملاحظہ فرمائیں :
’’غیر خدا کو راضی کرنے کے لیے صرف خون بہانے کی نیت سے ذبح کرنا کہ اس میں گوشت مقصود نہ ہو،جیسے کہ بریلوی لوگ قبروں ،آستانوں اور اولیاء اللہ کی بھینٹ چڑھاتے ہیں کہ اس سے صرف خون دے کر اصحاب ِقبور کو راضی کرنا مقصود ہے۔یہ جانور اگر بسم اللہ پڑھ کر بھی ذبح کیا جاوے،جب بھی حرام ہے۔‘‘
رہا ’’مفتی‘‘صاحب کا یہ شرط ذکر کرنا : ’’بشرطیکہ ذبح کرنے والے کی نیت بھینٹ کی ہو، نہ کہ ذبح کروانے والے کی۔‘‘ تو یہ شرط فقہائے احناف کی گھڑنتل ہے۔قرآن و حدیث اور آثار ِصحابہ و تابعین میں اس کا کہیں ذکر نہیں۔سلف صالحین اور ائمہ ھُدیٰ میں سے کوئی بھی ان کا ہم خیال نہیں۔
احناف کی فقہی موشگافیاں :
حنفی مذہب کی کتابوں میں تو یہاں تک لکھا ہے :
مُسْلِمٌ ذَبَحَ شَاۃَ الْمَجُوسِ، لِبَیْتِ نَارِہِمْ، أَوِ الْکَافِرِ، لِآلِہَتِہِمْ، تُؤْکَلُ، لِأَنَّہٗ سَمَّی اللّٰہَ تَعَالٰی، وَیُکْرَہُ لِلْمُسْلِمِ ۔
’’مسلمان نے مجوسی کی وہ بکری،جو ان کے آتش کدہ کے لیے تھی،یا کافر کی،ان کے معبودوں کے لیے تھی،ذبح کی،وہ حلال ہے،کیونکہ اس مسلمان نے اللہ کا نام لیا ہے،مگر یہ کام مسلمان کے لیے مکروہ(ناپسندیدہ)ہے۔‘‘(فتاویٰ عالمگیری : 115/3)
یہ سب اپنی شکم پروری کے طریقے ہیں۔کافروں کا حرام مال اپنے لیے حلال کرنے کی خاطر یہ حیلہ تراش لیا گیا۔یہ لوگ اللہ تعالیٰ کو کیا جواب دیں گے؟
آئیے ذبح سے متعلق اس ’’فقہ شریف‘‘کا ایک اور مسئلہ ملاحظہ فرمائیں :
وَفِي فَتَاوٰی أَہْلِ سَمَرْقَنْدْ : إِذَا ذَبَحَ کَلْبَہٗ، وَبَاعَ لَحْمَہٗ جَازَ، وَکَذَا إِذَا ذَبَحَ حِمَارَہٗ، وَبَاعَ لَحْمَہٗ، وَہٰذَا فَصْلٌ اخْتَلَفَ فِیہِ الْمَشَایِخُ فِیہِ، بِنَائً عَلَی اخْتِلَافِہِمْ فِي طَہَارَۃِ ہٰذَا اللَّحْمِ بَعْدَ الذَّبْحِ، وَاخْتِیَارُ الصَّدْرِ الشَّہِیدِ عَلٰی طَہَارَتِہٖ ۔
’’اہل سمرقند کے فتاوی میں ہے کہ جب (کوئی حنفی) اپنے کتے کو ذبح کرے اور اس کا گوشت فروخت کرے تو جائز ہے۔اسی طرح جب وہ اپنے گدھے کو ذبح کرے اور اس کا گوشت فروخت کرے(توجائز ہے)۔اس مسئلے میں ہمارے مشایخ کا اختلاف ہے اور اس کی وجہ ذبح ہونے کے بعد اس گوشت کے پاک ہونے میں اختلاف ہے۔صدر شہید نے اس گوشت کے پاک ہونے کو ہی اختیار کیا ہے۔‘‘(فتاویٰ عالمگیری : 115/3)
اس طرح کے فتووں کا وقوع کسی انسان سے اسی وقت ہوتا ہے،جب اس کا دل تقویٰ سے خالی ہو جاتا ہے،ورنہ اللہ سے ڈرنے والے کبھی ایسی باتیں نہیں کر سکتے۔
آئیے اب آتے ہیں کلیساؤں اور آتش کدوں پر جانور ذبح کرنے کی طرف۔فقہ حنفی نے اس حوالے سے بھی اپنے پیروکاروں کو محروم نہیں رکھا۔فقہ حنفی کی ایک معتبر کتاب میں لکھا ہے :
وَإِنْ أَوْصَی الذِّمِّیُّ لِلْبِیعَۃِ أَوْ لِلْکَنِیسَۃِ، أَنْ یُنْفَقَ عَلَیْہَا فِي إصْلَاحِہَا، أَوْ أَوْصٰی أَنْ یُّبْنٰی بِمَالِہٖ بِیعَۃٌ، أَوْ کَنِیسَۃٌ، أَوْ بَیْتُ نَارٍ، أَوْ أَوْصٰی بِأَنْ یُّذْبَحَ لِعِیدِہِمْ، أَوْ لِلْبِیعَۃِ، أَوْ لِبَیْتِ نَارِہِمْ ذَبِیحَۃٌ، جَازَ فِي قَوْلِ أَبِي حَنِیفَۃَ، وَلَمْ یَجُزْ شَيْئٌ مِّنْہُ فِي قَوْلِ أَبِي یُوسُفَ وَمُحَمَّدٍ ۔
’’اگر ذمی شخص یہ وصیت کرے کہ کلیسے یا گرجے کی مرمت کے لیے مال خرچ کیا جائے، یا وہ وصیت کر دے کہ اس کے مال سے کلیسہ،گرجہ یا آتش کدہ بنایا جائے،یا وہ وصیت کرے کہ ذمیوں کی عید کے موقع پر یا ان کے کلیسہ کے لیے یا ان کے آتش کدے کے لیے جانور ذبح کیا جائے تو امام ابو حنیفہ کے قول کے مطابق یہ کام جائز ہے،جبکہ (قاضی)ابو یوسف اور محمد(بن حسن شیبانی)نے اس میں سے کسی کام کو بھی جائز قرار نہیں دیا۔‘‘
(المبسوط للسرخسي : 94/28)
ایک طرف احناف کی یہ فقہ شریف کلیساؤں،گرجا گھروں اور آتش کدوں کی مرمت و تعمیر اور آگ جیسے باطل معبودوں کے لیے جانور ذبح کرنے کو بھی سند ِجواز دے رہی ہے، جبکہ دوسری طرف اس فقہ کے بعض پیروکار اہل حدیثوں کی مساجد کو منہدم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ یہ کیسا ایمان اور کیسا اسلام ہے؟
حنفی فقہاء کی مذکورہ عبارات کو بنیاد بنا کر ’’مفتی‘‘صاحب لکھتے ہیں :
’’دیکھیے جانور پالنے والا کافر ہے اور ذبح بھی کراتا ہے بت یا آگ کی عبادت کی نیت سے،گویا مالک کا پالنا اور ذبح کرانا دونوں فاسد،مگر چونکہ بوقت ِذبح مسلمان نے بسم اللہ کہہ کر ذبح کیا ہے،لہٰذا جانور حلال ہے۔کہیے گیارہویں یا میلاد کا بکرا اس بت پرست کے بکرے سے بھی گیا گزرا ہے کہ وہ تو حلال مگر یہ حرام؟ والحمد للہ! بخوبی ثابت ہوا کہ یہ گیارہویں وغیرہ کا جانور حلال ہے اور یہ فعل باعث ِثواب۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 361/1)
یہ محض سینہ زوری ہے۔حنفی فقہاء کے یہ حوالے حنفی تقلیدیوں کو ہی پیش کیے جائیں۔ انہی کے نزدیک بت پرستوں کی عبادت گاہوں اور معبودوں کے لیے ذبح کیا جانے والا جانور حلال ہو گا اور انہی کے نزدیک اس سے گیارہویں کا بکرا حلال ہو گا۔ہمارے نزدیک نہیں۔بت یا آگ کی عبادت کی نیت سے جانور ذبح کیا جائے یا شیخ عبد القادر جیلانیa کے لیے نذر ونیاز کی نیت سے ،دونوں حرام ہیں،خواہ انہیں مسلمان اللہ کا نام لے کر ذبح کرے،کیونکہ یہ دونوں جانور غیراللہ کی نذر ونیاز کے لیے ذبح کیے گئے ہیں۔نذر و نیاز عبادت ہے،جیسے نماز وروزہ عبادت ہے۔کوئی کسی بت کے لیے نماز پڑھے یاکسی نیک ولی کے لیے،دونوں صورتوں میں شرک اور حرام ہے۔
جو لوگ مجوسیوں کے آتش کدوں اور آگ کے لیے وقف بکروں کو حلال کر لیتے ہیں، ان کے لیے گیارہویں کے بکرے کو حلال قرار دینا کوئی مشکل نہیں۔البتہ جو لوگ قرآن و حدیث،سلف صالحین اور ائمہ دین کی پیروی کرتے ہیں،ان کے لیے ایسا کرنا ناممکن ہے۔
دار العلوم دیوبند کے ’’شیخ الحدیث‘‘جناب انور شاہ کشمیری دیوبندی کہتے ہیں :
وَاعْلَمْ أَنَّ الْإِہْلَالَ لِغَیْرِ اللّٰہِ تَعَالٰی، وَإِنْ کَانَ فِعْلًا حَرَامًا، لٰکِنَّ الْحَیَوَانَ الْمُہَلَّ حَلَالٌ، إِنْ ذَکَّاہُ بِشَرَائِطِہٖ، وَکَذَا الْحُلْوَانُ الَّتِي یُتَقَرَّبُ بِہَا لِلْـأَوْثَانِ أَیْضًا، جَائِزَۃٌ عَلَی الْـأَصْلِ ۔
’’جان لو کہ غیراللہ کے لیے ذبح کرنا اگرچہ حرام کام ہے،لیکن اگر اس جانور کو شرائط کے مطابق ذبح کیا جائے تو وہ حلال ہوتا ہے۔اسی طرح وہ مٹھائی جو بتوں کے تقرب کے لیے رکھی جاتی ہے،وہ بھی اصل کی بنا پر جائز ہے۔‘‘(فیض الباري : 180/4)
ہم بھی حیران تھے کہ دیوبندی حضرات حرام سمجھتے ہوئے بھی مزارات کی نذر ونیاز اور گیارہویں کے حلوے کیوں ڈکار جاتے ہیں۔اب یہ عقدہ کھلا ہے کہ اس مسئلے میں بریلوی اور دیوبندی حضرات متفق ہیں۔شاید یہ بھی دار العلوم دیوبند کی برکات میں سے ہے۔
یہاں کشمیری صاحب کا ایک اور کارنامہ بھی ملاحظہ فرماتے جائیں، لکھتے ہیں :
قَالَ أَبُو الْمُنْذِرِ : وَقَدْ بَلَغَنَا أَنَّ النّبِيَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ ذَکَرَہَا یَوْمًا، فَقَالَ : لَقَدِ اہْتَدَیْتُ لِلْعُزّٰی شَاۃً عَفْرَائَ، وَأَنَا عَلٰی دِینِ قَوْمِي ۔
’’ابو منذر نے کہا کہ ہمیں یہ بات پہنچی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن بتوں کا ذکر کیا اور فرمایا : میں نے عزّٰی کے لیے ایک مٹیالے رنگ کی بکری کا چڑھاوا چڑھایا۔ اس وقت میں اپنی قوم(قریش)کے دین پر تھا۔‘‘(فیض الباري : 238/4)
استغفراللہ! ان لوگوں کی جرأت اور بے باکی ملاحظہ فرمائیں کہ یہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کسی گمراہ اور مجہول شخص کی بیان کردہ انتہائی جھوٹی بات منسوب کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کسی دور میں مشرک بھی رہے تھے؟(العیاذ باللہ)
فقہ حنفی اور غیر اللہ کی نذر و نیاز :
گیارہویں والے ہمارے بھائیوں کو اپنی فقہ کا یہ قول بھی ضرور یاد رکھنا چاہیے :
وَالنَّذْرُ لِلْمَخْلُوقِ لَا یَجُوزُ، لِأَنَّہٗ عِبَادَۃٌ، وَالْعِبَادَۃُ لَا تَکُونُ لِلْمَخْلُوقِ ۔
’’مخلوق کے لیے نذر و نیاز جائز نہیں،کیونکہ یہ عبادت ہے اور عبادت مخلوق کے لیے نہیں ہو سکتی۔‘‘(فتاوٰی شامي : 439/2)
جانوروں کی غیر اللّٰہ کی طرف نسبت اور قرآن :
اللہ تعالیٰ نے حرام چیزوں کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا :
{وَمَا ذُبِحَ عَلَی النُّصُبِ}(المائدۃ 5 : 3)
’’اور جو جانور آستانوں پر ذبح کیا گیا ہو۔‘‘
یعنی قبروں اور مزاروں پر ذبح کیا گیا جانور حرام ہے،اگرچہ اس پر بوقت ِذبح اللہ کا نام پکار دیا جائے،اس کو کھانے سے روک دیا گیا ہے۔
نیز ارشادِ باری تعالیٰ ہے :
{وَیَجْعَلُوْنَ لِمَا لَا یَعْلَمُوْنَ نَصِیبًا مِّمَّا رَزَقْنَاہُمْ تَاللّٰہِ لَتُسْأَلُنَّ عَمَّا کُنْتُمْ تَفْتَرُونَ}(النحل 16 : 56)
’’اور وہ اللہ کے دئیے گئے رزق سے ان (معبودانِ باطلہ) کا حصہ مقرر کرتے ہیں، جن کو یہ جانتے تک نہیں۔اللہ کی قسم! تم سے تمہارے جھوٹوں کے بارے میں ضرور باز پرس ہو گی۔‘‘
امام اہل سنت،حافظ،اسماعیل بن عمر،ابن کثیرa فرماتے ہیں:
یُخْبِرُ تَعَالٰی عَنْ قَبَائِحِ الْمُشْرِکِینَ الَّذِینَ عَبَدُوا مَعَ اللّٰہِ غَیْرَہٗ مِنَ الْـأَصْنَامِ، وَالْـأَوْثَانِ، وَالْـأَنْدَادِ، وَجَعَلُوا لَہَا نَصِیبًا مِّمَّا رَزَقَہُمُ اللّٰہُ، فَقَالُوا : {ہٰذَا لِلّٰہِ بِزَعْمِہِمْ وَہٰذَا لِشُرَکَائِنَا فَمَا کَانَ لِشُرَکَائِہِمْ فَلا یَصِلُ اِلَی اللّٰہِ}، بِغَیْرِ عِلْمٍ، {وَمَا کَانَ لِلّٰہِ فَہُوَ یَصِلُ اِلٰی شُرَکَائِہِمْ) (الأنعام 6 : 136)، أَيْ جَعَلُوا لِآلِہَتِہِمْ نَصِیبًا مَّعَ اللّٰہِ، وَفَضَّلُوہُمْ أَیْضًا عَلٰی جَانِبِہٖ، فَأَقْسَمَ اللّٰہُ تَعَالٰی بِنَفْسِہِ الْکَرِیمَۃِ، لَیَسْأَلَنَّہُمْ عَنْ ذٰلِکَ الَّذِي افْتَرَوْہُ، وَائْتَفَکُوہُ، وَلَیُقَابِلَنَّہُمْ عَلَیْہِ، وَلَیُجَازِیَنَّہُمْ أَوْفَرَ الْجَزَائِ فِي نَارِ جَہَنَّمَ، فَقَالَ : {تَاللّٰہِ لَتُسْاَلُنَّ عَمَّا کُنْتُمْ تَفْتَرُوْنَ} (النحل 16 : 56) ۔
’’اللہ تعالیٰ مشرکین کی بدکاریوں کے بارے میں خبر دے رہے ہیں جنہوں نے اس کے سوا اور معبودوں کی عبادت شروع کر رکھی تھی اور انہوں نے اللہ کے دئیے ہوئے رزق میں سے ان معبودوں کے لیے حصہ مقرر کیا ہوا تھا۔وہ اپنے خیال کے مطابق کہتے تھے کہ یہ حصہ اللہ تعالیٰ کا ہے اور یہ ہمارے شریکوں کا۔وہ لاعلمی میں یہ کہتے تھے کہ جو حصہ ان کے شریکوں کا ہے،وہ اللہ تعالیٰ کو نہیں پہنچتا،جبکہ اللہ تعالیٰ کا حصہ ان کے شریکوں کو پہنچتا ہے۔ یعنی انہوں نے اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں اپنے معبودوں کا حصہ مقرر کر رکھا تھا اور انہیں اللہ تعالیٰ کے حق پر حاوی بھی کیا ہوا تھا۔اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات ِمبارکہ کی قسم اٹھائی اور فرمایا کہ انہوں نے جو افتراپردازیاں کی ہیں اور جھوٹ باندھے ہیں، ان کے بارے میں وہ ضرور ان سے پوچھے گا اور انہیں ضرور اس جرم کی سزا اور جہنم میں اس کا پورا پورا بدلہ دے گا۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے : {تَاللّٰہِ لَتُسْاَلُنَّ عَمَّا کُنْتُمْ تَفْتَرُوْنَ} (النحل 16 : 56) ۔(اللہ کی قسم! تم جو جھوٹ باندھتے تھے،اس کے بارے میں تم سے ضرور پوچھا جائے گا)۔‘‘
(تفسیر القرآن العظیم : 45/4، بتحقیق عبد الرزّاق المہدي)
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
{مَا جَعَلَ اللّٰہُ مِنْ بَحِیرَۃٍ وَّلَا سَائِبَۃٍ وَّلَا وَصِیلَۃٍ وَّلَا حَامٍ وَّلٰکِنَّ الَّذِینَ کَفَرُوْا یَفْتَرُوْنَ عَلَی اللّٰہِ الْکَذِبَ وَاَکْثَرُہُمْ لَا یَعْقِلُونَ}(المائدۃ 5 : 103)
’’اللہ تعالیٰ نے کوئی بحیرہ،سائبہ،وصیلہ اور حام مقرر نہیں کیے،بلکہ کافر لوگ اللہ تعالیٰ پر جھوٹ بولتے ہیں اور ان میں سے اکثر عقل نہیں رکھتے۔‘‘
اس آیت ِکریمہ میں اللہ تعالیٰ نے غیراللہ کے نام منسوب کیے ہوئے جانوروں کی شرعی حیثیت کی نفی کی ہے۔کفار یہ کہتے تھے کہ یہ جانور اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ طریقے کے مطابق منسوب کیے جاتے ہیں۔معلوم ہوا کہ غیراللہ کے نام پر جانور چھوڑنا کفار کا طرز عمل تھا۔
یاد رہے کہ اس آیت میں صرف اس تاثر کی نفی کی گئی ہے کہ غیراللہ کے نام پر جانور چھوڑنا جائز ہے،یہاں ان جانوروں کی حلت و حرمت کا کوئی تذکرہ نہیں۔
’’مفتی‘‘صاحب اس پر بھی طبع آزمائی کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’یہ چار جانور،بحیرہ وغیرہ وہ تھے،جن کو کفار ِعرب بتوں کے نام پر چھوڑ دیتے تھے اور ان کو حرام سمجھتے تھے۔قرآن نے اس کو حرام سمجھنے کی تردید فرما دی،حالانکہ ان پر زندگی میں بتوں کا نام پکارا گیا تھا اور ان کے کھانے کا حکم دیا کہ فرمایا : {کُلُوْا مِمَّا رَزَقَکُمُ اللّٰہُ وَلَا تَتَّبِعُوْا خُطُوَاتِ الشَّیْطَانِ}(الأنعام 6 : 142)(کھاؤ اس کو جو تمہیں اللہ نے دیا اور شیطان کے قدموں کی پیروی نہ کرو)۔‘‘(’’جاء الحق‘‘ : 362/1)
بحیرہ والی آیت میں صرف یہ بتایا گیا ہے کہ یہ جانور اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ نہیں،بلکہ اس بارے میں مشرکین نے اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھا ہے۔ان جانوروں کی حلت و حرمت کا اس آیت میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا،جبکہ {وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ} والی آیت سے معلوم ہو گیا کہ یہ جانور حرام ہیں۔’’مفتی‘‘ صاحب نے جو آیت ِکریمہ ذکر کی ہے،اس میں بحیرہ و سائبہ وغیرہ کی حلت کا کوئی ذکر نہیں۔اس آیت میں تو یہ بیان کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے رزق کو کسی کے نام منسوب کر کے حرام کرنا کفار کا کام ہے،تم ایسا نہ کرنا،اگر تم کفار کی تقلید میں ایسے جانور مقرر کرو گے تو شیطان کی پیروی کرو گے۔
کسی بھی مفسر نے اس آیت ِکریمہ کی رُو سے بحیرہ وغیرہ کو حلال قرار نہیں دیا اور یہ نہیں کہا کہ اس آیت میں بحیرہ وغیرہ کو کھانے کا حکم دیا گیا ہے۔ظاہر ہے کہ جو بحیرہ وغیرہ کفار نے مقرر کیے تھے، وہ انہی کی ملکیت تھے اور انہوں نے اپنے بتوں کے نام کیے ہوئے تھے،مسلمانوں کو کیسے حکم دیا جا سکتا تھا کہ وہ ان کو کھائیں؟یہ قرآنِ کریم کی معنوی تحریف ہے اور اس سے ’’مفتی‘‘ صاحب کی علمی حالت عیاں ہو جاتی ہے۔
رہا ’’مفتی‘‘صاحب کا اپنی تائید میں حافظ نوویaکا ایک قول ذکر کرنا تو یہ قول قرآن و سنت اور فہم سلف کے خلاف ہونے کی بنا پر ناقابل التفات ہے۔سلف صالحین اور ائمہ دین و محدثین میں سے کوئی بھی ان کا ہمنوا نہیں۔
آخر میں ہمارا بریلوی بھائیوں سے سوال ہے کہ کیا صحابہ کرام،تابعین عظام اور ائمہ دین بشمول امام ابو حنیفہ سے غیر اللہ کے لیے جانور چھوڑنا اور بزرگوں کی نذر کر کے انہیں ذبح کرناثابت ہے؟کیا کسی صحابی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر کوئی جانور چھوڑا تھا؟ کسی تابعی نے سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سمیت کسی صحابی کے نام پر کوئی جانور چھوڑا ہو!کسی تبع تابعی نے کسی تابعی کے نام پر یا امام ابوحنیفہ نے کسی صحابی وتابعی کے نام سے کوئی جانور منسوب کیا ہو! اگر یہ جائز ہوتا،بلکہ بریلوی بھائیوں کے نزدیک نیکی کا کام ہے،تو صحابہ کرام سے بڑھ کر کون نیکیوں کا متلاشی تھا؟ کیا صحابہ کرام کو رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اتنی بھی محبت نہیں تھی،جتنی بعد کے قبرپرست لوگوں کو اپنے بزرگوں اور پیروں سے ہے؟صحابہ و تابعین اور ائمہ دین اس ’’کارِخیر‘‘سے کیونکر محروم رہے؟
ہم یہاںپر بریلوی بھائیوں سے یہ بھی پوچھیں گے کہ جب غیراللہ ،مثلا مُردوں اور غائب پیروں کو پکارنے کی نفی کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں آیات ِقرآنیہ پیش کی جاتی ہیں تو ان کاجواب کچھ یوں ہوتا ہے :’’یہ آیات تو بتوں کے لیے ہیں،جو آپ اولیاء اللہ پر فٹ کر رہے ہیں۔اولیاء اللہ بھلا غیراللہ ہوتے ہیں؟ وہ غیر اللہ نہیں،بلکہ اللہ کے دوست ہیں۔۔۔ ‘‘ وغیرہ۔لیکن یہاں پر ان کا طرز عمل مختلف ہے۔جب غیراللہ کے نام کے ذبیحے کی بات آتی ہے تو وہ کہہ دیتے ہیں کہ ذبح کرتے وقت اللہ کے علاوہ کسی کا نام لیا جائے تو وہ حرام ہو جاتا ہے۔اس موقع پر انہیں شاید یہ یاد نہیں رہتا کہ ان کے نزدیک اولیاء اللہ غیراللہ نہیں ہوتے۔انہیں چاہیے کہ وہ ذبح کرتے وقت بھی اولیاء اللہ کا نام لینا جائز قرار دے دیں، ورنہ پکار کے حوالے سے بھی اپنے غیراللہ کے نظریے پر نظر ثانی کر لیں۔
دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عقیدۂ توحید کو سمجھنے ،اسی کے مطابق زندگی بسر کرنے اور اسی پر مرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
nnnnnnn

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.